اورکزئی پولیس کی کارروائی، 80 کلوگرام چرس برآمد، ملزم گرفتار

اورکزئی پولیس کی کارروائی، 80 کلوگرام چرس برآمد، ملزم گرفتار

اورکزئی پولیس نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 80 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ رنگین خیل روڈ کے راستے منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر ڈی پی او اورکزئی شوکت علی نے ایس ڈی پی او سنٹرل اورکزئی سکندر حسن اور ایس ایچ او تھانہ مشتی میلہ حاجت حسین کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

پولیس نفری نے رنگین خیل روڈ پر ناکہ بندی کرکے مشکوک ویگو پک اپ گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے چرس کے 80 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 80 کلوگرام بتایا گیا ہے۔

پولیس نے گاڑی میں سوار دلبر خان ولد ملک جان، سکنہ قمبر خیل ضلع خیبر، کو گرفتار کرلیا، جبکہ گاڑی اور منشیات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے اور منشیات کی سپلائی سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ڈی پی او اورکزئی شوکت علی نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

More News