این اے 168 ضمنی انتخاب: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع
بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت شام 5 بجے ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا، جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود ووٹرز کو مقررہ وقت کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
حلقہ این اے 168 میں مجموعی طور پر 20 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، تاہم اہم مقابلہ مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین شامل ہیں۔ ووٹرز کیلئے مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔ حلقے میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات رہے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی سکیورٹی معاونت کیلئے موجود رہے۔
اب پولنگ مکمل ہونے کے بعد تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ جاری ہے، جس کے بعد نتائج مرتب کرکے الیکشن کمیشن کو ارسال کیے جائیں گے۔








