افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ وزارت کے مطابق کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انتہائی درستگی کے ساتھ کی گئی۔
وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان مقامات پر موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق کارروائی میں شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ آپریشن ’غضب لِلحق‘ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کو افغانستان سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے، جبکہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اسلام آباد کے لیے باعث تشویش ہے۔ پاکستان اس سے قبل بھی افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائیوں کا اعلان کر چکا ہے۔








