کراچی: زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے ایک شخص جاں بحق
کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن منصوبے کے زیر تعمیر پل کی شٹرنگ اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق شٹرنگ گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا شخص زیر تعمیر پل کے مقام پر ڈیوٹی انجام دینے والا سکیورٹی گارڈ تھا۔ امدادی اہلکاروں نے ملبے سے لاش نکالنے کے لیے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ امدادی اہلکار بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ شٹرنگ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔ واقعے میں تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی انتظامات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔








