سرکاری جامعات میں بھرتیوں کی تحقیقات مکمل، اہم فیصلہ متوقع

سرکاری جامعات میں بھرتیوں کی تحقیقات مکمل، اہم فیصلہ متوقع

پشاور: خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں نگراں دور کے دوران ہونے والی مستقل اور کنٹریکٹ بھرتیوں سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور تحقیقاتی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی سمیت صوبے کی مختلف سرکاری جامعات میں ہونے والی تقرریوں کا ریکارڈ کمیٹی نے تفصیلی طور پر جائزہ لیا۔ حکومت نے تقریباً 3 ماہ قبل نگراں دور کی بھرتیوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی، جس کی سربراہی ایک سابق وائس چانسلر کو سونپی گئی تھی۔

کمیٹی نے جامعات سے بھرتیوں، مالی معاملات اور متعلقہ انتظامی امور کا ریکارڈ طلب کیا۔ کلاس فور ملازمین سے لے کر پروفیسرز، افسران اور یونیورسٹیوں کے انتظامی عہدوں پر ہونے والی تقرریوں سمیت مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کی تفصیلات بھی تحقیقات کا حصہ بنائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے جامعات کی مالی صورتحال اور خسارے سے متعلق ریکارڈ بھی حاصل کیا اور دستیاب دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی۔ رپورٹ اب صوبائی حکومت کے سامنے ہے اور اس کی روشنی میں آئندہ اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی متعدد سرکاری جامعات پہلے ہی شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ بعض جامعات میں مالی بحران کے باعث شعبہ جات کی بندش اور دیگر انتظامی اقدامات بھی کیے جا چکے ہیں۔

حکومتی سطح پر تحقیقاتی رپورٹ کے جائزے کے بعد سرکاری جامعات میں نگراں دور کی بھرتیوں اور متعلقہ معاملات کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

More News