خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال پر گورنر کا بڑا ایکشن، اہم ہدایات جاری

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال پر گورنر کا بڑا ایکشن، اہم ہدایات جاری

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت صوبے کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر کو صوبے میں امن و امان، انسدادِ دہشتگردی، پبلک آرڈر اور جرائم کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ حکام نے سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے گورنر کو آگاہ کیا۔

پولیس حکام نے اجلاس کے دوران جدید اسلحے کی خریداری میں تاخیر، پولیس فورس کی افرادی قوت اور دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کو درپیش مشکلات کے باوجود امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں جاری احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبے میں پبلک آرڈر برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے گورنر کو دہشتگردی کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں، انٹیلی جنس بنیادوں پر اقدامات اور سیکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے سیکیورٹی صورتحال پر متعلقہ اداروں سے مؤثر اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

More News