خیبر میں 60 لاکھ روپے چوری کا سراغ، 2 ملزمان گرفتار
خیبر: میلوارڈ پولیس نے گڈملنگ میں گھر سے 60 لاکھ روپے چوری ہونے کے مقدمے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد کیے گئے، جبکہ چوری کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق 10 ستمبر 2026 کو تھانہ میلوارڈ کی حدود گڈملنگ ایریا میں ذیشان ولد ذاہد، قوم کمرخیل، سکنہ گڈملنگ کے گھر سے نامعلوم ملزمان نے 60 لاکھ روپے چوری کیے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ رقم کی برآمدگی کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او میلوارڈ مغریب آفریدی کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم میں ایڈیشنل ایس ایچ اوز لعل کلام، سلیم خان اور چوکی انچارج یوسف خان سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔
پولیس کے مطابق خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی خطوط اور پیشہ ورانہ تفتیش کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ تفتیش کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر واردات میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔
میلوارڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مصطفیٰ ولد وہاب، قوم کمرخیل، اور عمر ولد باشئی، قوم بر قمبرخیل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد کیے گئے، جبکہ چوری شدہ رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حوالات منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تفتیش کے دوران ملزمان سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 60 لاکھ روپے کی چوری کے اہم مقدمے میں جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی خطوط پر پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھی نگرانی کا عمل جاری ہے۔








