دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف صوبے کے عوام کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی اقدامات پر توجہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ملاقات میں تینوں علاقوں سے متعلق مختلف انتظامی اور عوامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔








