خیبر پولیس میں 10 نئے کانسٹیبل بھرتی، تقرری آرڈرز تقسیم
خیبر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد نے میرٹ پر بھرتی ہونے والے 10 نئے پولیس کانسٹیبلان میں تقرری آرڈرز تقسیم کر دیے۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن شفیق خان بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران ڈی پی او وقار احمد نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو محکمہ پولیس میں شمولیت پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں گے۔
ڈی پی او خیبر نے کہا کہ پولیس فورس میں شمولیت ایک اعزاز ہونے کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ نئے اہلکار قانون کی پاسداری، نظم و ضبط، دیانتداری اور خوش اخلاقی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پولیس اہلکار عوام کی خدمت اور قانون کی بالادستی کو مقدم رکھیں اور ہر حال میں فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
وقار احمد نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس لیے نئے اہلکار شہریوں کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں اور اپنے فرائض ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔








