اسلام آباد کے گھیراؤ کی سیاست 2014 سے پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد کے گھیراؤ کی سیاست 2014 سے پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو قومی مفاد پر ترجیح نہیں دی جانی چاہیے، حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے اور بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پہلے ہی اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں، اس لیے تمام سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو یرغمال بنا کر یا سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے مطالبات منوانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2014 کے بعد سے اسلام آباد کے گھیراؤ کی سیاست اس جماعت کے ایجنڈے کا حصہ رہی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ لانگ مارچ میں خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے لوگوں کو جمع کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کے بقول صوبے میں عوام نے لانگ مارچ کو پذیرائی نہیں دی۔

شہداء کسی ایک جماعت کے نہیں

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے افراد کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، کسٹمز اور مسلح افواج کے شہداء میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں افراد شامل ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ 4 اکتوبر سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے دوران کسی مقام پر بھی چند ہزار سے زیادہ افراد جمع نہیں ہوسکے۔ ان کے مطابق قافلہ آج پشاور کے مضافاتی علاقے متنی سے خیبر کی جانب روانہ ہوگا۔

More News