پشاور ریڈیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نامزد، چالان عدالت میں جمع

پشاور ریڈیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نامزد، چالان عدالت میں جمع

رپورٹ: جنید طورو

 

پشاور: 9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت میں بڑی قانونی پیش رفت ہوئی ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے بدھ کو انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 3 میں باضابطہ چالان پیش کیا، جس میں پنجاب فرانزک لیب اور نادرا کی رپورٹس کی بنیاد پر ملزمان کی موجودگی کی تصدیق شامل ہے۔ چالان میں نامزد افراد میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے علاوہ سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش، ضلعی صدر پی ٹی آئی عرفان سلیم اور کارکن عامر چمکنی شامل ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ان افراد کے خلاف شواہد موجود ہیں، تاہم چالان جمع کراتے وقت پراسیکیوٹر تعاون سے انکار کر رہا تھا۔ ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈوکیٹ نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ چالان جمع نہ کروانے پر ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور پبلک پراسیکیوٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عدالت نے وکیل کی درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو طلب کر لیا اور اس سلسلے میں وضاحت طلب کی۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ اور توڑ پھوڑ کے بعد اس کیس کی تحقیقات جاری تھیں، اور اب وزیراعلیٰ سمیت دیگر سرکردہ رہنماؤں کے نام چالان میں شامل کیے جانے سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

More News