عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ
ویب ڈیسک
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور تیل کے محفوظ ذخائر جاری کرنے کے اعلان کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ آ سکی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ برطانوی خام تیل کی قیمت 9.29 ڈالر اضافے کے بعد 101.3 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل 9.02 ڈالر مہنگا ہو کر 96.27 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی منڈی میں سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس سے قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عالمی توانائی ایجنسی نے 400 ملین بیرل تیل مارکیٹ میں جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس اقدام کے باوجود خام تیل کی قیمتیں نیچے نہیں آ سکیں اور مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔








