خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع کے لیے سید عباس احسن ایڈیشنل آئی جی تعینات

خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع کے لیے سید عباس احسن ایڈیشنل آئی جی تعینات

پشاور: خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور پولیسنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے سینئر پولیس افسر سید عباس احسن کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (ایڈیشنل آئی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

سید عباس احسن گریڈ 21 کے سینئر پولیس افسر ہیں اور اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ نئی تعیناتی کے بعد انہیں صوبے کے 12 حساس اضلاع میں پولیسنگ اور امن و امان سے متعلق معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان اضلاع میں ضم شدہ قبائلی علاقے باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بندوبستی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت بھی ان کے دائرہ اختیار میں شامل ہوں گے۔

یہ تعیناتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پولیس اور انتظامیہ کے لیے اہم چیلنج بنی ہوئی ہے۔ حساس اضلاع میں پولیسنگ کی نگرانی، سکیورٹی انتظامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ مؤثر بنانا اس ذمہ داری کے اہم پہلو ہوں گے۔

More News