عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ تیل کی ترسیل پر عائد پابندیوں میں ممکنہ نرمی سے متعلق امریکی اقدامات اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد کمی کے بعد 105.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 54 سینٹ، یعنی 0.55 فیصد کمی کے بعد 97.43 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

تیل کی قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی توانائی کی فراہمی اور ترسیل کے اخراجات میں اضافے پر تشویش برقرار ہے۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے سپلائی پر دباؤ کم کرنے کے لیے ہنگامی ذخائر سے تیل جاری کرنے کے منصوبے کے تحت دو کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور دیگر تیل کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بعض تیل بردار جہازوں پر عائد پابندیاں نرم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، تاکہ تیل کی ترسیل کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔ ان جہازوں کا تعلق روس، ایران اور وینزویلا سمیت مختلف ممالک سے تیل کی ترسیل سے رہا ہے۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر حملوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق جغرافیائی سیاسی صورتحال اور سپلائی میں ممکنہ تبدیلیاں خام تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔

More News