دیر کالونی اسکول کی عمارت منہدم ہونے کا واقعہ، ناقص تعمیر اور انتظامی غفلت کے پہلو سامنے آگئے
پشاور: دیر کالونی میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز نے اپنی رپورٹ سی سی پی او پشاور کو ارسال کردی ہے، جس میں عمارت کے پرانے اور ناقص ہونے سمیت اسکول انتظامیہ کی جانب سے مبینہ غفلت کے پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر تھانہ آغا میر جانی کو اسکول کی عمارت منہدم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ایس پی سٹی، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی طلب کرلیا گیا تاکہ امدادی کارروائیاں انجام دی جا سکیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی عمارت پرانی تھی اور اس کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ عمارت کے ناقص انفراسٹرکچر سے متعلق شکایات سامنے آنے کے باوجود اسکول انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ عمارت منہدم ہونے کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ معلوم کیا جائے گا کہ عمارت کی حالت سے متعلق شکایات کس نوعیت کی تھیں، متعلقہ حکام کو ان سے آگاہ کیا گیا تھا یا نہیں اور حفاظتی اقدامات میں غفلت کا ذمہ دار کون ہے۔








