مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت کم وقت میں آگے بڑھا، ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت کم وقت میں مؤثر انداز میں آگے بڑھا ہے، جو برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انڈیپنڈنٹ عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی و سلامتی تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی مشترکہ سوچ، تاریخی روابط اور دفاعی تعاون کا مظہر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے معاہدے پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا کہ اس کی اصل اہمیت اور افادیت کا اندازہ اس کے نتائج سے ہوگا۔
انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔








