خیبرپختونخوا: عیدالفطر پر 14 اضلاع حساس ترین قرار، سکیورٹی ہائی الرٹ
پشاور:ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق 14 اضلاع کو حساس ترین جبکہ مزید 10 اضلاع کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ عید کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے خصوصی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چاند رات اور رمضان کے آخری عشرے میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی، خاص طور پر حساس اضلاع میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب صوبے کے ہسپتالوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں جبکہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








