پیٹرول مہنگا، خیبرپختونخوا کے سرکاری ادارے مالی دباؤ کا شکار، اضافی فنڈز طلب
پشاور:ویب ڈیسک
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف سرکاری اداروں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث متعدد اداروں نے صوبائی حکومت سے اضافی فنڈز طلب کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بی آر ٹی، پولیس، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور (WSSP)، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) اور ریسکیو 1122 نے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا ہے اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے اضافی بجٹ کی درخواست کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی آر ٹی انتظامیہ نے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کے باعث بڑھتے ہوئے مالی خسارے کو پورا کرنے کے لیے فنڈز مانگے ہیں، جبکہ ادارے میں اضافی ملازمین کو فارغ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
دوسری جانب WSSP کو صفائی کے نظام میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں ایندھن کی کمی کے باعث درجنوں گاڑیاں بند ہو چکی ہیں، جس سے شہری خدمات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو شہری سہولیات مزید متاثر ہو سکتی ہیں۔








