خیبرپختونخوا میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے 9 اہم منصوبوں کیلئےخطیر رقم جاری

خیبرپختونخوا میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے 9 اہم منصوبوں کیلئےخطیر رقم جاری

خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران پولیس کے 9 اہم منصوبوں کے لیے ایک ارب 3 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی ہے، جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام کی اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر منصوبوں کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

فنڈز میں صوبے کی تحصیلوں اور ٹاؤن ہیڈکوارٹرز میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کی تعمیر اور فزیبلٹی، تھانوں کی بحالی اور سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹرز کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز کی رقوم بھی شامل ہیں۔

پولیس اسٹیشن مندنی چارسدہ کے لیے 3 کروڑ روپے، مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے اور پشاور میں ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ایف آر پی پولیس لائنز پشاور کی مرمت کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے جبکہ ٹانک میں پولیس لائنز کی زمین کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر کو مضبوط اور جدید بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

More News