پشاور رنگ روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 450 سے زائد دکانیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار
پشاور: ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایت پر رنگ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، اب تک 450 سے زائد دکانیں، مارکیٹیں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیرِ نگرانی جاری آپریشن میں جمیل چوک، پیر زکوڑی فلائی اوور، پشتخرہ چوک اور رنگ روڈ کے دیگر علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات کے خاتمے میں مصروف ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آپریشن کا مقصد سرکاری اراضی کو ناجائز قبضوں سے واگزار کرانا، سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں کو کشادہ بنانا اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ہے۔ ان اقدامات سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں اور واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ رنگ روڈ سمیت پشاور کے دیگر علاقوں میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، جبکہ عوامی مفاد، شہری سہولیات کی بہتری اور سرکاری املاک کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔








