مری میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 6 شدید زخمی

مری میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 6 شدید زخمی

مری: چھتر بڑوھا لنک روڈ پر کیری ڈبہ گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کیری ڈبے میں بچوں سمیت مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جو شادی سے واپسی پر اپنے گاؤں دلاھا جا رہے تھے۔ راستے میں گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق دو جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور جاں بحق افراد کی لاشیں کھائی سے نکال لیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو طبی امداد کے لیے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور تمام جاں بحق افراد اور زخمیوں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے باعث علاقے میں افسوس کی فضا ہے۔ واقعے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

More News