گورنر خیبرپختونخوا کا ڈی آئی خان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا ثبوت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنا ہوگی۔ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کوششیں انتہائی اہم ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن کے قیام کے لیے ان کی حمایت جاری رکھے گی۔








