لاہور میں فلو ویکسین کی مشتبہ جعلی کھیپ پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار
لاہور: فلو ویکسین کی قلت کے دوران مبینہ طور پر جعلی ویکسین فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈرگ انسپکٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے انفلوویک (Influvac) ویکسین کی مشتبہ جعلی کھیپ قبضے میں لے کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ انسپکٹرز نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور ویکسین کی مشتبہ کھیپ برآمد کی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فلو ویکسین صرف لائسنس یافتہ فارمیسیوں سے خریدیں اور غیر مستند ذرائع سے ویکسین حاصل کرنے سے گریز کریں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسینز کی قیمتوں سے متعلق تنازع تاحال حل نہیں ہوسکا، جس کے باعث ان ویکسینز کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال میں ویکسین کی قلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشتبہ مصنوعات کی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ڈریپ حکام کے مطابق وفاقی کابینہ نے فلو ویکسین کی قیمت سے متعلق ادارے کی تجویز کی تاحال منظوری نہیں دی، جبکہ قیمتوں کے تعین کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویکسین خریدتے وقت اس کی پیکنگ، میعادِ استعمال اور مستند فارمیسی سے دستیابی کی تصدیق کریں۔ مشتبہ ویکسین استعمال کرنے سے گریز کریں اور ایسی مصنوعات کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔








