عالمی منڈی میں خام تیل سستا، برینٹ کی قیمت 115 ڈالر فی بیرل پر آگئی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 60 سینٹ کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 101 ڈالر 67 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت ایک ڈالر 56 سینٹ کم ہوکر 115 ڈالر 16 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور توانائی کی رسد متاثر ہونے کے خدشات شامل ہیں۔ سعودی عرب میں حوثی حملوں کے باعث تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشے نے گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں قیمتوں کو سہارا دیا تھا۔
گزشتہ جمعے کو امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتیں تقریباً 3 ڈالر اضافے کے ساتھ کاروبار کے اختتام پر بلند سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 2.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تازہ کمی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر موجود ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور تیل کی رسد سے متعلق خدشات آئندہ دنوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔








