چارسدہ: ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کا گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد تیز کرنے کا حکم
ڈپٹی کمشنر چارسدہ منصور ارشد نے ضلعی انتظامی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، تمام ٹی ایم اوز، محکمہ زراعت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سرکاری دفاتر، پارکس، کیٹل مارکیٹس، اڈوں، فروٹ منڈیوں اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اصلاحاتی اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔
منصور ارشد نے کہا کہ افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے گڈ گورننس کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنے اختیارات استعمال کریں اور روزانہ کی بنیاد پر سرکاری محکموں کے دورے یقینی بنائیں تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر مؤثر عملدرآمد ہو سکے۔








