کوئٹہ میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ
کاجو 4 ہزار 500، پستہ 5 ہزار اور بادام 3 ہزار 200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا
کوئٹہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد تک اضافہ ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کے لیے سردیوں کی یہ سوغات خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پستہ 3 ہزار روپے فی کلو سے بڑھ کر 5 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ بادام کی قیمت میں 1200 روپے اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 3 ہزار 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح کاجو کی قیمت 3 ہزار سے بڑھ کر 4 ہزار 500 روپے فی کلو ہو گئی ہے، جبکہ چلغوزہ 6 ہزار سے 8 ہزار روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پہلے خشک میوہ جات کی قیمتوں میں سال میں ایک بار اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب چند دنوں کے دوران بھی قیمتیں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ دوسری جانب مہنگائی کے باعث شہریوں کا بجٹ متاثر ہو رہا ہے اور خشک میوہ جات عام صارفین کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔








