عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع

عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع

پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

تینوں خواتین کو ستمبر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، جب پی ٹی آئی اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کی تیاری کر رہی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی سفارش پر نظر بندی میں توسیع کی گئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں ہوم سیکریٹری کی رپورٹ بھی جمع کرائی، جس کے مطابق 7 اکتوبر کو مزید 30 روز کی توسیع کی گئی تھی۔

علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ابتدائی نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود تینوں خواتین کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل رانا مدثر عمر نے خواتین کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی۔

جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے تھے، تاہم انہیں درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا۔ عدالت نے ہوم سیکریٹری کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

More News