خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 88 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 88 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی

پشاور: خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 88 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے 177 فعال کیسز موجود ہیں۔

محکمہ صحت کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رواں سال صوبے میں ڈینگی سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے باعث کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 640 ہوگئی ہے، جبکہ کوہاٹ میں سب سے زیادہ 2 ہزار 896 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح بنوں میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 192 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ 4 ہزار 805 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ 177 مریض تاحال فعال کیسز میں شامل ہیں۔

صحت عامہ کے ماہرین کے مطابق ڈینگی سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ گھروں، گلیوں اور دیگر مقامات پر پانی جمع نہ ہونے دیں، پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

More News