ثمر ہارون بلور کا یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخِ کشمیر کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ خیبرپختونخوا کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان واقعات کا مؤثر نوٹس لے۔
مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ ظلم و جبر کشمیری عوام کی آزادی اور انصاف کی خواہش کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی مشترکہ انسانی اقدار اور آزادی کے اصولوں سے وابستگی کا اظہار ہے۔
ثمر ہارون بلور نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کا حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔








