راولپنڈی میں حساس مقامات پر اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے پر غور، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
ویب ڈیسک
جڑواں شہر راولپنڈی میں حساس تنصیبات اور اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر خالد ہمدانی کی سربراہی میں ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چینی منصوبوں، حساس سرکاری عمارتوں اور دیگر اہم تنصیبات کی حفاظت کو فول پروف بنانے کے لیے جدید اینٹی ڈرون سسٹمز اور سیکیورٹی گنز کی تنصیب پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ملک طارق، ناصر علی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ چینی ماہرین کی رہائش گاہوں، دفاتر اور ان کی آمدورفت کے راستوں پر سیکیورٹی کو مزید سخت اور مربوط بنایا جائے گا۔
آر پی او خالد ہمدانی نے اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز، ان کے عملے اور نجی سیکیورٹی گارڈز کا مکمل آڈٹ کیا جائے۔ اس عمل کے دوران سیکیورٹی گارڈز کی تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔
اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا گیا کہ وہ سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی اور معلومات کے تبادلے کو اپنی مشترکہ ذمہ داری سمجھیں۔ اسپیشل برانچ کو ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے جامع سروے کرنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے تاکہ شہر میں سیکیورٹی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا سکے۔








