وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے روس کا سرکاری دورہ کریں گے، بڑے تجارتی وفد کی بھی ماسکو روانگی متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جس کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کی تیاریوں کے سلسلے میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دورے کے انتظامات اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی وفد بھی ماسکو جائے گا، جس میں کاروباری شخصیات اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافے کے لیے یہ دورہ اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ تجارتی وفد کی شرکت سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے اور ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔








