خیبرپختونخوا میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف یکم نومبر سے آپریشن کی تیاریاں مکمل
پشاور: خیبرپختونخوا میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف یکم نومبر سے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ پشاور کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کے مشترکہ ناکوں کے ذریعے کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے مختلف بازاروں، رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی اور گرفتاریوں کے لیے پولیس کے ساتھ حساس اداروں کے اہلکار بھی کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔
اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں مقیم افغان شہریوں کی تفصیلات جمع کرکے متعلقہ کنٹرول روم کو فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ ان معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کو مربوط بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والے افغان شہریوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر افراد اور مختلف کاروباروں سے وابستہ افغان شہریوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نشاندہی کیے جانے والے افراد میں بعض افغان تاجر رہنما بھی شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے صوبے بھر میں کارروائیوں کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ یکم نومبر سے آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔








