ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی امید ہے: رانا ثنا اللہ
فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں ختم ہونے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور امید ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت سمیت پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے پاکستانی قیادت نے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں۔ جنگ کا خاتمہ عالمی امن اور پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، جبکہ کشیدگی کم ہونے سے توانائی کی فراہمی اور معاشی حالات معمول پر آنے کی امید ہے۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 کے انتخابات جیتے تھے، تاہم حکومت بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ انہوں نے تحریک انصاف کے دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے میں ترقیاتی کاموں کے بجائے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔








