خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، 48 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، 48 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ہزاروں پولیو ٹیمیں تعینات، سیکیورٹی کیلئے 30 ہزار اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے

پشاور: خیبر پختونخوا کے 27 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 48 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے 27 اضلاع میں بیک وقت انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مجموعی طور پر 20 ہزار 772 تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 18 ہزار 630 موبائل، ایک ہزار 225 فکسڈ اور 917 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

پولیو ٹیموں کی سرگرمیوں کی نگرانی اور مہم کو مؤثر بنانے کیلئے 4 ہزار 734 ایریا انچارجز بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیو ورکرز کی حفاظت اور مہم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے 30 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ای او سی کے مطابق پشاور اور ضلع خیبر میں انسداد پولیو مہم سات روز تک جاری رہے گی، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع میں مہم چار روز تک جاری رہے گی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز کے تحفظ اور مہم کی مؤثر نگرانی کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

More News