کراچی: این سی سی آئی اے میں بھرتی کے لیے جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: این سی سی آئی اے میں بھرتی کے لیے جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے بھرتی کے عمل کے دوران امیدواروں کو مبینہ طور پر جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائی 3 نومبر کو رزاق آباد ٹریننگ سینٹر میں جاری بھرتی کے عمل کے دوران کی گئی، جہاں ایک شخص کو امیدواروں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فراہم کرنے اور فروخت کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت سندھ کا ریٹائرڈ ڈپٹی سیکرٹری ہے، جو کراچی کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں فوٹو اسٹیٹ کی دکان بھی چلاتا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر اپنی دکان کے ذریعے این سی سی آئی اے میں بھرتی کے لیے آنے والے امیدواروں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فراہم کر رہا تھا۔

این سی سی آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس مبینہ غیر قانونی سرگرمی میں ملوث دیگر افراد کا بھی پتا لگایا جاسکے۔

More News