ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے سروس ڈیلیوری سینٹر لوئر تناول کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا
ایبٹ آباد میں عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے سروس ڈیلیوری سینٹر لوئر تناول کی نئی عمارت قائم کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان نے مین شیروان روڈ پر قائم عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماروی ملک شیر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز افشین رحمان اور کامران علی شاہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
نئے سروس ڈیلیوری سینٹر کے قیام کا مقصد لوئر تناول اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے اور ان کا وقت بھی بچایا جاسکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے اہلیان علاقہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اہلیان علاقہ نے مین شیروان روڈ پر سروس ڈیلیوری سینٹر کی نئی عمارت کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرز سروس ڈیلیوری سینٹر، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور محکمہ ریونیو کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔








