ہنگو میں بیٹے کے ہاتھوں باپ قتل، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا
ہنگو: ضلع ہنگو کے علاقے درسمند میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر بیٹے نے تیز دھار آلے سے وار کرکے اپنے ہی باپ کو قتل کردیا۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی دوآبہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے۔ ایس ایچ او دوآبہ وحید نور خان مروت نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ قتل کی وجوہات اور دیگر حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔








