جمرود پولیس کی کارروائی، غیر قانونی کلاشنکوف سمیت دو موٹر سائیکل سوار گرفتار
خیبر: جمرود پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک غیر قانونی کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کی نگرانی میں پولیس اہلکار خالد خان نے ٹیڈی بازار روڈ پر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ایک مشتبہ موٹر سائیکل کو روک کر اس پر سوار دو افراد کی تلاشی لی، جن کی شناخت یاسر اور عشرت اللہ، ساکنان ٹیڈی بازار کے نام سے ہوئی۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک عدد غیر قانونی کلاشنکوف برآمد کی گئی۔
پولیس نے دونوں افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
اس موقع پر ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس متحرک ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ناکہ بندیوں کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکے۔








