ملک میں ایک ماہ کے دوران 5 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

ملک میں اکتوبر کے دوران 5 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

کراچی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران ملک میں 5 ہزار 3 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 21 ہزار 794 ہوگئی۔

ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں سے 99.9 فیصد کی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی۔ نئی کمپنیوں میں 55.4 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 41.6 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔

علاقائی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 2 ہزار 663، اسلام آباد میں 934 اور سندھ میں 751 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 382، گلگت بلتستان میں 162 جبکہ بلوچستان میں 111 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔

سیکٹرز کے لحاظ سے اکتوبر میں سب سے زیادہ کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں، جہاں 991 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔ ٹریڈنگ کے شعبے میں 767، سروسز میں 594 اور کنسٹرکشن کے شعبے میں 295 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

اسی طرح فوڈ اینڈ بیوریجز کے شعبے میں 219، سیاحت میں 213 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 170 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔

ایس ای سی پی کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 173 غیر ملکی سرمایہ کار ڈائریکٹرز بنے، جبکہ کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کی شراکت داری 13 فیصد رہی۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ملک میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق کاروبار کو آسان بنانے کے لیے کارپوریٹ کمپلائنس کے نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ نئی کمپنیوں کے قیام سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

More News