پاکستان میں بیگو لائیو اور لائیکی کی باضابطہ رجسٹریشن، پی ٹی اے کا اہم اقدام
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا کے مقبول پلیٹ فارمز بیگو لائیو (BIGO LIVE) اور لائیکی (Likee) کو پاکستان میں باضابطہ طور پر قانونی رجسٹریشن دے دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق دونوں پلیٹ فارمز کو ’بیگو سروس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا، آن لائن مواد کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور ملکی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ رجسٹریشن 2021 کے غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے سے متعلق قواعد کے تحت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بیگو کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ صارفین کے لیے محفوظ، ذمہ دارانہ اور بہتر ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بیگو لائیو ایک لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہے، جہاں صارفین براہِ راست ویڈیوز نشر کرنے کے ساتھ ناظرین سے رابطہ کرتے اور ورچوئل گفٹس کے ذریعے آمدنی بھی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ لائیکی مختصر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کی باضابطہ رجسٹریشن پاکستان میں ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنانے اور آن لائن سرگرمیوں کو ملکی قوانین کے دائرے میں لانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔








