امریکی قیادت ہارنے والے جواری کی طرح بازی چھوڑنے کو تیار نہیں، باقر قالیباف

امریکی قیادت ہارنے والے جواری کی طرح میدان چھوڑنے کو تیار نہیں، باقر قالیباف

ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی قیادت ہارنے والے جواری کی طرح بازی چھوڑنے کو تیار نہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے سوشل میڈیا بیان پر ردعمل دیتے ہوئے باقر قالیباف نے امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کے باعث امریکا تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔

ایرانی اسپیکر نے جے ڈی وینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لمبی تقریریں کرنے کے بجائے انہیں اپنے صدر کو سمجھانا چاہیے۔ قالیباف کے بیان میں امریکی قیادت کے ایران سے متعلق طرزِ عمل پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایران جنگ کو انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے والے عوامل میں شامل کیا تھا۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے بھی تسلیم کیا کہ ایران جنگ کی وجہ سے پارٹی کو سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج توقعات کے برعکس رہے اور اس سے پارٹی کو شدید دھچکا پہنچا۔ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور مہنگائی کو بھی شکست کی وجوہات میں شامل کیا۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ انتخابی شکست کی ذمہ داری صرف ووٹرز کے کم ٹرن آؤٹ پر ڈالنا درست نہیں، بلکہ اس کی ایک اہم وجہ ٹرمپ کے سابق حامیوں کی ناراضی ہے۔ ان کے مطابق ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد پارٹی کے اندر پالیسیوں پر نظرثانی اور نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔

باقر قالیباف کے بیان اور جے ڈی وینس کے تبصرے کے بعد ایران جنگ کے امریکی سیاست اور داخلی انتخابی صورتحال پر اثرات ایک بار پھر زیر بحث آگئے ہیں۔

More News