پیراگوئے کا بڑا ڈیجیٹل بینک دیوالیہ، 30 لاکھ صارفین اپنی رقم تک رسائی سے محروم

پیراگوئے کا بڑا ڈیجیٹل بینک دیوالیہ، 30 لاکھ صارفین اپنی رقم تک رسائی سے محروم

جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں بڑے ڈیجیٹل بینک ’یوئینو بینک‘ (Ueno Bank) کی مالی مشکلات سنگین ہونے کے بعد مرکزی بینک نے اس کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 30 لاکھ صارفین اپنے اکاؤنٹس اور جمع شدہ رقم تک رسائی سے محروم ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ صارفین کی تعداد پیراگوئے کی بالغ آبادی کا تقریباً 60 فیصد ہے، جبکہ ملک کی مجموعی آبادی تقریباً 65 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ اس طرح ملک کی تقریباً نصف آبادی اس بینک کی خدمات سے وابستہ تھی۔

پیراگوئے کے مرکزی بینک نے 2 نومبر 2026 کو متفقہ فیصلے کے تحت یوئینو بینک کے خلاف خصوصی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ مرکزی بینک کے مطابق ادارے کا مالی استحکام شدید متاثر ہوا تھا اور اس کا سرمایہ مقررہ قانونی کم از کم حد کے نصف سے بھی نیچے گر چکا تھا۔

صورتحال کے پیش نظر بینک کا انتظام سرکاری حکام کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ موبائل ایپ، بینک کارڈز اور دیگر معمول کی خدمات معطل کر دی گئیں۔ اس اقدام کے بعد صارفین فوری طور پر اپنی رقوم نکلوانے یا دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے سے قاصر ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق یوئینو بینک کے پاس تقریباً 80 سے 85 کروڑ ڈالر کے سرکاری فنڈز بھی موجود تھے، جن میں تقریباً 38 کروڑ ڈالر سرکاری پنشن اور صحت کے فنڈز سے متعلق تھے۔

بینک کے خلاف کارروائی نے ملک کے مالیاتی نظام اور لاکھوں صارفین کی جمع پونجی کے تحفظ سے متعلق اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

More News