راولپنڈی: ان ڈرائیو ٹیکسی ڈرائیور سے گاڑی چھیننے والا مرکزی ملزم گرفتار

راولپنڈی: ان ڈرائیو ٹیکسی ڈرائیور سے گاڑی چھیننے والا مرکزی ملزم گرفتار

راولپنڈی میں روات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین روز قبل ان ڈرائیو ٹیکسی ڈرائیور سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھیننے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی کار اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ملزم نے بہانے سے اسے بلایا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر گاڑی چھین کر فرار ہوگیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد روات پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی ڈکیتی، گاڑیوں کی چوری، اسلحہ اور منشیات کے مقدمات میں ملوث رہا ہے اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔

ایس پی صدر انعم شیر کے مطابق واردات میں ملوث ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

More News