پاکستان کی پہلی جدید نیشنل فرانزک ایجنسی مکمل فعال، نیشنل سیکیورٹی اور جرائم کی روک تھام میں معاونت
آباداسلام : ویب ڈیسک
پاکستان کی پہلی جدید ترین نیشنل فرانزک ایجنسی (NFA) قلیل مدت میں مکمل فعال ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایجنسی کا دورہ کیا اور مختلف جدید لیبز اور سہولیات کا معائنہ کیا، جن میں ریسرچ اینڈ انوویشن لیب، ڈیجیٹل فرانزک لیب، نارکوٹکس لیب، فنٹیک لیب اور کوایشچن ایبل ڈاکومنٹ لیب شامل ہیں۔
وزیر داخلہ نے ڈی این اے، فائر آرمز، سیرولوجی اور ایکسپلوسیو رومز کا بھی جائزہ لیا اور ایجنسی کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کا قیام موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے، اور اس سے نیشنل سیکیورٹی کے معاملات اور جرائم کی روک تھام میں بھرپور معاونت ملے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ ایجنسی اسٹیٹ آف دی آرٹ سروسز مہیا کرے گی جو دیگر اداروں کے پاس موجود نہیں، اور یہ تمام صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں نیشنل فرانزک ایجنسی کے ذیلی دفاتر قائم کیے جائیں۔
وزیر داخلہ نے موک کرائم سین یونٹ کا بھی دورہ کیا اور زیر تربیت افسران سے ٹریننگ کورس کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کورس افسران کے پورے کیریئر میں معاونت فراہم کرے گا اور انہیں جدید فرانزک مہارتیں سکھائے گا۔
ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی حسنات رسول نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے۔ ڈیجیٹل فرانزکس کے شعبے میں ڈیپ فیک، کمپیوٹر اور موبائل فرانزکس، آڈیو ویڈیو، نیٹ ورک اور ڈرون فرانزکس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور گزشتہ ایک سال میں 1,500 ڈیجیٹل فرانزک کیسز کی رپورٹ مرتب کی گئی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوسرے فیز پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، جس میں 25 اسپیشلائزڈ لیبز قائم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈی جی اے این ایف، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
نیشنل فرانزک ایجنسی کے قیام سے نہ صرف جدید فرانزک سہولیات دستیاب ہوں گی بلکہ یہ پاکستان میں جرائم کی تحقیقات، نیشنل سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک اہم معاون ثابت ہوگی۔








