پشاور میں فائرنگ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق، نامعلوم ملزمان فرار
پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے عقب میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ حیات آباد کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد ہوئے ہیں، جنہیں تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل حقائق جاننے، قتل کے محرکات کا تعین کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے جامع تفتیش جاری ہے۔








