پشاور سے لاہور براہِ راست پروازوں کا آغاز 9 نومبر سے ہوگا، گورنر خیبرپختونخوا کا اعلان
خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے خوشخبری، گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور سے لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 9 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے مطابق یومِ اقبال کے موقع پر ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز ہوگا۔ ابتدائی طور پر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ پہلی پرواز 9 نومبر کو دوپہر تقریباً ایک بجے پشاور سے روانہ ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور سے لاہور کا فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا، جس سے لاہور میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں، کاروباری افراد اور ملازمین کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور سے کوئٹہ کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کامیابی سے جاری ہے، جبکہ مستقبل میں پشاور، لاہور روٹ پر پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
گورنر کے مطابق ڈی آئی خان، چترال اور پاراچنار کے لیے بھی براہِ راست فضائی رابطوں کے امکانات پر کام جاری ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں کو فضائی رابطوں کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔








