وزیراعلیٰ سندھ کا تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ کا تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ، 90 فیصد فصلیں متاثر

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خشک سالی جیسی صورتحال اور فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے باعث ضلع تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو ضلع کے تمام سات تعلقوں میں خشک سالی کی صورتحال اور زرعی نقصانات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرپارکر میں 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ یا غیر پیداواری ہو چکی ہیں، جبکہ محکمہ زرعی توسیع کے مطابق فصلوں کو تقریباً 90 فیصد نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ستمبر 2026 کے دوران ضلع کے ساتوں تعلقوں میں بارش صرف ایک سے 36 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

بریفنگ کے مطابق غیر متوازن اور معمول سے کم بارشوں کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس پکنے سے پہلے ہی خشک ہو گئیں، جس سے زرعی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے غیر فعال آر او پلانٹس کی فوری مرمت کرکے انہیں دوبارہ فعال کرنے اور پانی کی فراہمی کے تمام موجودہ ذرائع بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کو نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی لائن بچھانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے پانی کی فراہمی کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ علاقے میں پانی کی قلت کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ اور ان کی ضروریات کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھرپارکر کے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور سندھ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے امدادی اقدامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ متاثرہ علاقوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔

More News