یومِ اقبال: صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت، 150ویں سالگرہ کی تقریبات شروع کرنے کا اعلان

یومِ اقبال: صدر اور وزیراعظم کا شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت، 150ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ شاعرِ مشرق کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے خود اعتمادی، فکری صلاحیتوں اور قومی خودداری کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے علامہ اقبالؒ کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یومِ اقبال کے موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو عزت، حقوق اور اپنی تقدیر خود بنانے کی طاقت کا احساس دلایا۔ ان کا تصورِ خودی علم، محنت، جرات اور مضبوط کردار کے ذریعے ایک بااعتماد اور ذمہ دار شخصیت کی تعمیر کا درس دیتا ہے۔

صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اقبال کی شاعری سے تحریک حاصل کریں، سوال کرنے اور تنقیدی سوچ کی صلاحیت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے ایسے معاشرے کا تصور پیش کیا جہاں دولت، مراعات اور خاندانی حیثیت کسی فرد کی قدر اور ترقی کے مواقع کا تعین نہ کریں۔

ان کے مطابق علامہ اقبال کا پیغام آزادی، مساوات اور خودداری کی وسیع تر انسانی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کو تعلیم، سائنسی ترقی، علاقائی تعاون اور امن کے ذریعے ایشیا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں الگ قومی شناخت کا احساس دلایا، جس نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو فکری بنیاد فراہم کی۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت علامہ اقبالؒ کے 150ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز کر رہی ہے، جو 9 نومبر 2027 کو مکمل ہوں گی۔ اس سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی سیمینارز، ادبی میلوں، نمائشوں، تعلیمی مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقبال کا فلسفہ خودی افراد اور قوموں کو خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا پیغام دیتا ہے۔ حکومت اس فکر کو تعلیمی اداروں، قومی مکالمے اور ترقیاتی ترجیحات کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

More News