سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان نجی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا معاہدہ، دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان نجی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا معاہدہ، دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

کراچی: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ مجوزہ فنڈ کی مالیت سیکڑوں ملین ڈالر ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے نجی سرمایہ کار مساوی حصہ ڈالیں گے، جبکہ سرمایہ کاری کا بڑا حصہ پاکستان میں مختلف شعبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات کسی بھی تجارتی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ دونوں ممالک کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور نیا سرمایہ کاری فنڈ اس تعلق کو مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔

شہزادہ منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسی منڈیوں اور شراکت داروں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کرکے ترقی کرسکیں۔ پاکستان کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں ملکی معیشت میں استحکام اور سرمایہ کاری کے حقیقی مواقع نظر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے طویل عرصے کے غور و فکر اور منصوبہ بندی کو عملی شکل دی جارہی ہے، جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور دیرپا اقتصادی شراکت داری کی بنیاد مضبوط ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ مجوزہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے بارے میں طویل عرصے سے پائے جانے والے منفی تاثرات نے ملکی معیشت کی حقیقی صلاحیت کو پس منظر میں رکھا، تاہم اب سنجیدہ سرمایہ کار عملی طور پر سرمایہ کاری کے لیے آگے آرہے ہیں۔

عارف حبیب نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور سعودی سرمایہ کار ان کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے ذریعے غیر فعال سرکاری اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق مجوزہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی سرمایہ فراہم کریں گے۔ فنڈ کی مجموعی سرمایہ کاری کا 75 فیصد پاکستان جبکہ 25 فیصد سعودی عرب میں مختلف منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ مستقبل میں دستیاب مواقع اور سرمایہ کاری کی ضروریات کے مطابق فنڈ کا حجم مزید بڑھایا جاسکے گا۔

فنڈ کے تحت زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر تیزی سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک پروگرام کے تحت سامنے آنے والے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جن میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی شامل ہے۔

اس منصوبے کا ایک اہم مقصد کم استعمال ہونے والی سرکاری اراضی کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا اور شفاف تجارتی بنیادوں پر سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ سعودی عرب میں بھی مقدس شہروں سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری اور تجارتی مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی میں ایکویٹی شراکت داری کی دعوت بھی دی جاسکے گی۔ تقریب میں دونوں ممالک سے جوائنٹ بزنس کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار نے ورچوئلی شرکت کی۔

More News