پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے کا عزم:مشیر بلدیات کی طرف سے سخت احکامات جاری

پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے کا عزم، موسم بہار میں 10 لاکھ درخت لگانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور کو دوبارہ سرسبز و شاداب اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری اور تزئین و آرائش کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آئندہ موسم بہار میں شہر بھر میں 10 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے کے لیے عملی ماسٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ٹرانسپورٹ، زراعت اور ہاؤسنگ آصف رفیق نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے حکام کو شہر کی خوبصورتی، ماحولیاتی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ ہدایات پی ڈی اے کے ایک اہم آن لائن جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس میں ادارے کے متعلقہ حکام نے مشیر بلدیات کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خوبصورتی کے اقدامات اور سڑکوں، اہم چوراہوں سمیت مختلف خالی مقامات پر پھولوں اور پودوں کی افزائش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

آصف رفیق نے ہدایت کی کہ پشاور کی اصل خوبصورتی بحال کرنے کے لیے فوری طور پر ایک جامع اور قابل عمل ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے ساتھ پھولوں اور سبزہ زاروں کو بھی فروغ دیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مشیر بلدیات نے خصوصی طور پر شہر کے اندر موجود بڑے اور چھوٹے نالوں کے اطراف شجرکاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم بہار کے موقع پر ایک شاندار سپرنگ شو کا انعقاد کیا جائے تاکہ پشاور کی خوبصورتی کو مزید نمایاں کیا جا سکے۔

اجلاس میں پی ڈی اے کی مالی خودمختاری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ آصف رفیق نے حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کی آمدنی میں اضافے کے لیے قانونی اور مؤثر کمرشل سرگرمیاں فوری شروع کی جائیں تاکہ ادارہ اپنے وسائل بہتر انداز میں استعمال کر سکے۔

شہر میں ٹریفک کی بڑھتی ہوئی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور رش میں کمی کے لیے پہلے سے جاری کردہ ہدایات پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والا ہر روپیہ عوام کے ٹیکسوں کی امانت ہے، اس لیے فنڈز کے شفاف اور درست استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حکومتی منصوبے کے تحت 10 لاکھ درختوں کی شجرکاری، پھولوں کی افزائش اور شہری سہولیات میں بہتری سے پشاور کے ماحول اور حسن کو بحال کرنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ شہریوں کو امید ہے کہ ان اقدامات پر مؤثر عمل درآمد سے تاریخی شہر کو ایک بار پھر سرسبز اور خوبصورت شناخت مل سکے گی۔

More News